پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں پشاور زلمی کو شکست

392
target

راولپنڈی: پی ایس ایل کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کےہاتھوں پشاور زلمی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں ایڈیشن کا 20 واں میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا گیا، جس میں پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے ہدف کو پورا کرنے کی کوشش میں پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں 167 رنز بنا سکی اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر مجموعی طور پر 7 پوائنٹس حاصل ہو گئے، اور ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔

اپنی اننگز میں پشاور زلمی کے پہلے تین کھلاڑی بہت جلدی پویلین لوٹ گئے جب کہ اوپنر صائم ایوب صرف ایک ہی رن بنا سکے۔ ان کے علاوہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے میدان سے باہر گئے۔ دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے محمد حارث بھی صرف ایک ہی رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ٹام کوہلر کیڈمور 12 رنز بنا کر گئے۔ پال والٹر نے 33 رمز بنائے۔

پشاور زلمی کے عامر جمال نے تیز کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا۔ انہوںنے 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 49 بالز پر 87 رنز اسکور کیے جب شاداب خان نے انہیں آؤٹ کردیا۔ اس وقت پشاور زلمی کا مجموعی اسکور 152 تھا۔

بعد ازاں پشاور زلمی کے لوکی ووڈ 2 اور محمد ذیشان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔عارف یعقوب 9 اور سلمان ارشاد 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کپتان شاداب خان نے 3، رومان رئیس اور حنین شاہ نے 2، 2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔