پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں کے دوران ہونے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد35 ہو گئی۔ دریں اثنا صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق خیبر پختونخوا میں ہونے والی شدید موسلادھار بارشوں اور برف باری کے دوران مختلف حادثات اور تودے گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 تک پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرین کے لیے معاوضے دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے نے سیکرٹری ریلیف کو بارش متاثرین کی تفصیلات اور اس دوران ہونے والے نقصانات کی رپورٹ بنا کر پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 3-3 لاکھ روپے جب کہ معمولی زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت حادثات میں مالی نقصانات کے لیے بھی متاثرین کو معاوضے دے گی۔ حادثات کی وجہ سے منہدم ہونے والے گھروں کے متاثرین کو عارضی رہائش گاہ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔