اسلام آباد: مسلم لیگ(ن)کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 3 بڑی جماعتیں کابینہ کا حصہ بنیں تو ذمے داریاں تقسیم ہو جائیں گی، 3 بڑے صوبوں سے سیاسی جماعتیں ہوں گی تو کابینہ اچھی ہو جائے گی، کابینہ کا سائز بڑا نہیں ہونا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا کابینہ کا حصہ بننا حکومت کے لئے اچھا شگو ن ہو گا، قیا دت نواز شریف ہی کریں گے فیصلے بھی ان کے ہی ہوں گے، وفاق میں تعلیم اور صحت جیسی وزارتیں صوبوں کو منتقل ہونی چاہئیں، دس سے 12 وزارتیں صوبوں کو منتقل کرنے کی بلاول کی تجویز کی حمایت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتیں مضبوط کرنے سے اسمبلی ممبران کا بوجھ کم ہوگا، کراچی کی ضلعی حکومت مضبوط کرنے سے متعلق آئینی ترمیم ہونی چاہیے، کراچی بڑا شہر ہے، دنیا میں بڑے شہروں میں مضبوط مقامی حکومتیں ہیں۔