کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا،  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

249

لاہور:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ مجھے اپنے آپ پر فخر ہے میں نے کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔

لاہور میں نئے ججز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی انصاف کرنے والے لوگوں کو چنتا ہے، انصاف کرنے والے اللہ پاک کی جانب سے چنے ہوئے لوگ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جج کے نام کے ساتھ عزت و احترام ہمیشہ منسلک رہتا ہے، عزت اور احترام ہمیں اپنے فیصلوں کی بدولت برقرار رکھنا ہوتا ہے، ہم اپنے فیصلوں کے بارے میں اللہ پاک کے حضور جوابدہ ہیں، بطور جج ہونا کوئی نوکری نہیں بلکہ یہ ایک آزمائش اور امتحان ہے، ہم سب کو اپنے منصب کی حفاظت کرنی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہر فیصلے کے ساتھ جج کا کردار منسلک ہوتا ہے، ایک دفعہ کردار پر لگا داغ صاف نہیں ہوگا، مجھے اپنے آپ پر فخر ہے کہ میں نے کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔

انہوں نے نئے ججز کو تلقین کی کہ ہمارے رشتہ دار بیشک ناراض ہو جائیں لیکن پروردگار کی ناراضگی کو کبھی دعوت نہ دینا، اللہ کی رضا کے لئے نیک نیتی کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔