کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اہل غزہ اور مظلوم ونہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور اسرائیل کی جانب سے معصوم بچوں پر بمباری کے خلاف کراچی میں 100 سے زائد پبلک مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اورمطالبہ کیا گیا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھنے والوں کے خلاف اقدامات کریں۔
مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر احتجاج کیا،جن پرغزہ کی جدودجہد آزادی ظالم اور مظلوم کی عالمی جنگ ہے،مزاحمت میں زندگی اور غلامی میں موت ہے سمیت دیگر نعر ے درج تھے،مظاہروں سے امرائے اضلاع اور مقامی ذمہ داران نے خطاب بھی کیا۔
مقررین نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے۔قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حماس کے مجاہدین کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے لیکن اسرائیل کی فوجی طاقت کو شکست دے دی ہے۔اسرائیلی فوجی القسام بریگیڈ کا مقابلہ نہیں کرپارہے اس لیے وہ نہتے فلسطینیوں پر بمباری کررہے ہیں۔30ہزار سے زائد فلسطینی مسلمان شہید ہونے کے باوجود اہل غزہ و فلسطینی مسلمان استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم جنوبی افریقہ کے عوام اور حکمرانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ جنہوں نے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ پیش کیا۔ افسوس کا مقام ہے کہ عالم عرب اور پاکستان کے کسی حکمران نے مقدمہ پیش نہیں کیا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ہماری جنگ انسانیت کے دشمنوں اور ان کے مقامی ایجنٹوں کے خلاف ہے اور یہ جنگ ہم لڑتے رہیں گے۔ اسرائیلی فوج معصوم بچوں پر فضائی بمباری کر کے شہید کر ررہی ہے،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم غزہ میں رہنا نہیں چاہتے لیکن حماس کے ساتھ جنگ جاری رکھیں گے۔
شہر قائد میں ہونے والے مظاہروں میں ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے اسرائیل کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہارکیا ، شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے، جس پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مختلف نعرے درج تھے ، جو درج ذیل ہیں، امریکا اور اسرائیل کی مسلم دشمنی نامنظور، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی نامنظور جیسے نعرے درج تھے۔
مظاہروں سے مقامی ذمہ داران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چار ماہ سے زائد جاری دہشت گردی نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے،تقریباً30ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں،رہائشی علاقے، اسکول اور اسپتال تک محفوظ نہیں ہیں۔