اسلام آباد: ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی فی الحال کابینہ کا حصہ نہیں ہوگی اور کابینہ کی تشکیل شہباز شریف کی صوابدید ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنر پیپلز پارٹی کے ہوں گے جب کہ بلوچستان اور سندھ کے مسلم لیگ (ن) سے ہوں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سیاست میں 5 سالہ معاہدہ نہیں لکھ سکتے، فی الحال پیپلز پارٹی کابینہ کا حصہ نہیں ہوگی، پی پی وزیراعظم کے لیے ووٹ، اعتماد کا ووٹ اور اسپیکر کا ووٹ دے گی، حکومت کو قانون سازی میں سپورٹ کریں گے، ہم تنقید برائے اصلاح کریں گے، تنقید برائے تنقید نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی لوگوں کی نظریں بجٹ اور آئی ایم ایف میں ہیں، نظر آئے گا حکومت کی مجبوری ہے تو سپورٹ کریں گے، ورکنگ ریلیشن پر دونوں جماعتوں کی کمیٹی بھی بن رہی ہے، کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے اور کمیٹی پارٹی کو اعتماد میں لے گی، مل بیٹھ کر چیزیں کریں گے۔ پارٹی جلد وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے نام شیئر کرے گی اس سلسلے میں مایوس نہیں کریں گی، آج یا کل میں سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کا نام دے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے اور ان کی صوابدید ہے کہ کسے کابینہ کا حصہ بنائیں اور کسے نہ بنائیں، وہ کسی کو بھی کابینہ میں شامل کریں یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔ پی ڈی ایم میں 16 ماہ کا تجربہ اچھا نہیں تھا، اب شہباز شریف نے لیڈ کرنا ہے، امید کرتے ہیں وہ بہتر طریقے سے لیڈ کریں گے۔