پی ایس ایل 9:افتتاحی میچ میں لاہور قلندر کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح

484

لاہور: پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح رہی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 196 رنز کا ملا ہوا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندوں پہلے مکمل کرلیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان 74 اور آغا سلمان 64 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ الیکس ہیلز نے 36 اور کولن منرو نے 5 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کے زمان خان اور سلمان فیاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن 71 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 57 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کے اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 36 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ فخر زمان 13 اور عبداللہ شفیق 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے تیمل ملز نے 2، شاداب خان اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔