حکومت سازی: مسلم لیگ ن اور پی پی کا تیسرا اجلاس بھی ناکام

472

لاہور: عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے مرحلے میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا تیسرا اجلاس بھی ناکام رہا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں کے تیسرے اہم اجلاس میں بھی کوئی قابل ذکر فیصلہ یا اتفاق نہیں ہو سکا، جس کے بعد مذاکرات کا چوتھا روز اب پیر کے روز ہوگا۔

اجلاس کے بعد دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا مشترلہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں طرف سے دی گئی تجاویز پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور معاملات پر کافی پیشرفت ہوئی۔ فریقین نے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید سفارشات کے لیے بروز پیر دوبارہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ ایک مضبوط جمہوری حکومت ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔

اجلاس میں ن لیگ کی نمائندگی اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے کی جب کہ پیپلز پارٹی کا وفد سید مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، ندیم افضل چن، نواب ثنا اللہ زہری، شجاع خان اور سردار بہادر خان پر مشتمل تھا۔