جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے سراج الحق کا استعفیٰ مسترد کردیا

437
The government

لاہور: جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا استعفی مسترد کردیا۔

منصورہ میں نائب امیر لیاقت بلوچ کی زیر صدارت جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر سے اراکین مرکزی مجلس شوری شریک ہوئے۔اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے استعفی پر غور کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق مرکزی مجلس شوری نے متفقہ طور پر استعفی مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان جماعت قیصر شریف کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مرکزی مجلس شوریٰ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں مجلس شوریٰ کا اجلاس بھی شروع ہو گیا ہے جس سے سراج الحق خطاب بھی کریں گے۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ناکامی امیر جماعت کی نہیں بلکہ دھاندلی کی وجہ سے ہوئی، جماعت اسلامی انتخابات کے نتائج کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور چیف الیکشن کمیشن فوری استعفیٰ دیں۔

واضح رہے کہ کچھ دن پہلے سراج الحق نے انتخابات میں شکست کے بعد بطور امیر جماعت اسلامی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔