کے الیکٹرک کو درپیش مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

280

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کے الیکٹرک کو درپیش مسائل ترجیحاً حل کیے جائیں۔

کے الیکٹرک کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کی۔ اہم اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی، دیگر حکام اور سی ای او کے الیکٹرک شریک ہوئے، جس میں وفد نے حکومت کا دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

دوران اجلاس نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کراچی الیکٹرک کو درپیش باقی مسائل بھی جلد از جلد ترجیحاً حل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت نے مختصر مدت میں ملکی معاشی استحکام کیلیے کئی دیرینہ مسائل حل کیے ہیں۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نگراں حکومت اپنی مدت کے آخری دن تک ملک کی معیشت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرتی رہے گی۔

اس موقع پر سی ای او کراچی الیکٹرک نے کمپنی کو درپیش مسائل کے حل پر نگراں وزیراعظم اور حکومتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں کراچی الیکٹرک کے مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نیپرا اور کراچی الیکٹرک ترجیحی بنیادوں پر مل کر ان مسائل کا حل تلاش کریں اور اس سلسلے میں جلداز جلد رپورٹ پیش کریں۔