کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ نتائج پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ تیار

673

کراچی: انٹر میڈیٹ بورڈ کے فرسٹ ایئر 2023 کے امتحانات میں طلبہ کے کم نمبرز اور فیل ہونے کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے رپورٹ تیار کرکے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی۔

ترجمان  کے مطابق کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر سروش لودھی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے بعد نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سفارشات کی منظوری دے دی اور آئی ٹی سیکٹر کے محمد شہیر وقار کو فوراً عہدے سے ہٹانے کی ہدایت  کی گئی ہے۔

کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پری انجنیئرنگ ، پری میڈیکل  اور جنرل سائنس کے بچوں کو 15 فیصد اضافی مارکس دیے جائیں۔ریاضی میں 15 مارکس، فزکس اور شماریات میں 12 مارکس دیے جائیں گے۔  کیمسٹری میں 12 ، باٹنی میں 6 اور زولوجی میں 6 مارکس بچوں کو اضافی دیے جائیں گے۔

کمیٹی نے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے  امتحانی پیپرز کا پیٹرن  اور ان کی مارکس  کی اسکیم بنانے کی سفارش کی ہے، جس پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا ہے کہ پیپر پیٹرن اور مارکنگ اسکیم کم از کم 3 سال تک نافذ العمل رہے گی ۔ کمیٹی کی سفارش پر وزیراعلیٰ سندھ  نے پیپرز کی جانچ کے مراکز کی تعداد بڑھاکر  10  کرنے کی ہدایت  کی ہے۔ انہوں نے ایم سی کیوز کے  پیپر کو OMR سسٹم سے جانچنے کی ہدایت کی تاکہ اس میں کوئی غلطی نہ ہو ۔

نگراں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ امتحانات سے  متعلق تمام ملازمین بشمول  ہیڈ ایگزامینرز،ایگزامینرز ، انویجیلیٹرز کی تربیت کی  جائے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کرائی جائے،۔

کمیٹی کے مطابق امتحانات کے کنٹرولر ،تمام ڈپٹی کنٹرولرز اور IT منیجر امتحانات 2023 کے انعقاد کے ذمے دار ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے  والے بورڈ افسران  کے خلاف اظہار برہمی کے نوٹس جاری  کرنے کی ہدایت کردی۔