مالے: مالدیپ نے ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر43 بھارتی شہریوں سمیت 186 غیر ملکیوں کو ملک بدر کر دیا ہے، ملک بدر کیے جانے والوں میں سب سے بڑی تعداد بنگلہ دیش سے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مالدیپ کی حکومت نے کم از کم 83 بنگلہ دیشیوں، 43 بھارتی، 25 سری لنکن اور 8 نیپالی شہریوں کو ملک بدر کیا ہے، یہ ملک بدری اس وقت ہوئی تھی جب مالدیپ میں غیر قانونی طور پر چلنے والے کاروبار کو بند کرنے کے لیے کاروائیاں کی جارہی تھیں۔
مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان نے کہا کہ ہم اقتصادی وزارت کے ساتھ مل کر غیر قانونی کاروباروں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں، غیر قانونی کاروبار میں وہ کاروبار بھی شامل ہے جو غیر ملکی شہریوں نے رجسٹر کروالیے ہیں، ان کے کاروبار کو بھی بند کرکے غیر ملکی شہریوں کوملک بدر کریں گے۔