کس پارٹی سے اتحاد ہوگا، لائحہ عمل عمران خان طے کرینگے، شیر افضل مروت

265

پشاور: تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ ممکنہ اتحاد کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل عمران خان طے کریں گے۔

ہائی کورٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی 21 نشستیں ہیں اور وہ وکٹری اسپیچ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہماری نشستوں کو زرداری نے زبردستی لیا ہے۔ آج عمران خان سے ملاقات ہوگی تو انہیں تجاویز دوں گا۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ جو بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑے گا تو اس کا مطلب ہوگا کہ وہ اپنے ووٹرز کے اعتماد میں خیانت کا مرتکب ہو رہا ہے۔ جہانگیر ترین، پرویز خٹک اور محمود خان کا حال تو پوری قوم دیکھ ہی رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے کسی بھی منتخب نمائندے پر عدم اعتماد نہیں ہے۔ صوبے میں حکومت سازی اور کسی بھی جماعت سے ممکنہ اتحاد کے حوالے سے آج بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مشاورت ہوگی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے ہم سے رابطہ کیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے عمران خان سے مشورہ کیا جائے گا۔