اسلام آباد: این اے 15 مانسہرہ سے میاں نواز شریف کی شکست پر الیکشن کمیشن نے حتمی نوٹیفکیشن روکنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے نتائج کی مبینہ تبدیلی پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل نواز شریف نے کہا کہ ہمیں این اے 15 مانسہرہ کے 125 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 نہیں ملے، کالا ڈھاکہ کا علاقہ انتہائی پسماندہ اور برفباری والا علاقہ ہے۔
وکیل نے کہا کہ پریزائڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا تھا، شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور اس حلقے میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے، فارم 45 کے بغیر فارم 47 جاری نہیں ہوسکتا۔
ممبر کے پی نے کہا کہ آپ کیا کہنا چاہتے ہیں کے الیکشن شفاف نہیں ہوا؟ جس پر وکیل نے کہا کہ اس حلقے کا الیکشن شفاف نہیں ہوا۔
انہوں نے استدعا کی کہ این اے 15 مانسہرہ کا حتمی نوٹیفیکیشن روکا جائے کیونکہ ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ کا جاری فارم 47 درست نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے این اے 15 مانسہرہ کا نتیجہ الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔