انتخابی نتائج کے اجرا میں تاخیر کے خلاف پی ٹی آئی  کا احتجاج

597
delay in the release

سرائے نورنگ: انتخابی نتائج کے اجرا میں تاخیر کے خلاف پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس تاجہ زئی کے مین گیٹ کے باہر جمع ہوگئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

پی ٹی آئی کے کارکن گاڑیوں میں ڈی ایچ کیو کمپلیکس پہنچے اورسہ پہر تک وہاں موجود رہے۔پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر اور امیدوار برائے این اے 41 شیر افضل مروت اور پارٹی کے حمایتی امیدوار طارق سعید اور ملک نور سلیم نے بھی کمپلیکس کا دورہ کیا تاکہ نتائج سے متعلق آگاہی حاصل کرسکیں۔

مروت قومی اتحاد کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے بھی اپنے صوبائی اسمبلی کے حلقے کا غیر سرکاری نتیجہ حاصل کرنے کے لئے تاجہ زئی کمپلیکس کا دورہ کیا۔احتجاجی کارکنوں نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی پارٹی کے حمایت یافتہ انتخابی امیدواروں کے حق میں نعرے لگائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے انتخابی نتائج فوری طور پر جاری کئے جائیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے تدارک کے لئے مرکزی گیٹ اور ڈی ایچ کیو کمپلیکس کے اندر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار تعینات تھے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال تحمل کا مظاہرہ کیا حالانکہ مظاہرین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کمپلیکس کے اندر زبردستی داخلے کی کوشش کی اور رکاوٹوں کو نقصان پہنچایا۔