آئی سی سی رینکنگ: ون ڈے میں بابراعظم ٹاپ پر برقرار

650

دبئی:آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے رینکنگ جاری کردی گئی، جس میں بابراعظم ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کی رینکنگ جاری کردی ہے۔ ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے مطابق سابق پاکستانی کپتان بابراعظم اپنی پہلی پوزیشن پر بدستور موجود ہیں جبکہ بھارت کے شبمن گل دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ایک درجے ترقی کے بعد 5 ویں نمبر پرآگئے۔

اسی طرح ون ڈے بالرز میں جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈہیں اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ون ڈے آل راؤنڈر میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ  میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ انگلینڈ کے فلپ سالٹ کا دوسرا اور پاکستان کے محمد رضوان کا تیسرا جب کہ بابراعظم کا چوتھا نمبر ہے۔ ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا نمبر ہے، پاکستان کے حارث رؤف 20 ویں نمبر پر ہیں، ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

ٹیسٹ پلیئرز  رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی پہلی پوزیشن برقرارہے جب کہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ایک درجے ترقی کے بعد  دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، انگلینڈ کے جوروٹ ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔  پاکستان کے بابراعظم کا ٹیسٹ رینکنگ میں پانچواں اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

بھارت کے جسپریت بمراہ نمبر ون ٹیسٹ بولر بن گئے ہیں، ٹیسٹ بولر رینکنگ میں  روی چندرن ایشون2 درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔  ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندراجڈیجا کا پہلا نمبر ہے  جب کہ ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔