اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ آرٹ دنیا بھر میں آزادی کی تحریکوں کی تشکیل اور اسے برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ 05 فروری پاکستان اور پاکستانی عوام کا حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کی حمایت کے اعادہ کا دن ہے۔ جموں و کشمیر کا تنازعہ حل طلب بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رکھا ہے، پرامن کشمیری قیادت کو بھارت نے جھوٹے اور من گھڑت کیسوں میں پابند سلاسل کیا ہوا ہے، تاریخی بابری مسجد کی جگہ پر تعمیر کیے گئے رام مندر کے افتتاح پر دنیا بھر کے لوگوں کی طرف سے مذمت کی گئی ۔