بنوں: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آج تہذیب کا دشمن جیل میں پڑا ہے، ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی مگر کامیابی اس لیے نہیں ہوئی کیونکہ راہ میں جے یو آئی کھڑی ہوئی تھی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے نام لیے بغیر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے ایسے ایسے مقدمات کے فیصلے سامنے آ رہے ہیں جن کا ہم جیسے شریف لوگ اپنے جلسوں میں ذکر بھی نہیں کر سکتے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ وہ جو کہتا تھا کسی کو بی کلاس نہیں ملے گی اے سی اتاروں گا، آج کبھی کہتا ہے، مجھے سائیکل دی جائے اور کبھی کسی اور سہولت کا مطالبہ کرتا ہے، یہ تو سردی کا مقابلہ کر سکتے ہیں نہ گرمی کا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قوم کا اتحاد ہی تھا کہ آج تہذیب کا دشمن اقتدار سے محروم ہونے کے بعد جیل میں پڑا ہے، انہوں نے تحفوں میں ملنے والی مقدس اشیا بیچ دیں جو انہیں نہیں بلکہ ملک کو ملی تھیں۔