غیر شرعی نکاح کیس ذلیل کرنے کیلیے بنایا گیا، عمران خان

443

راولپنڈی:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ دوران عدت نکاح کیس مجھے ذلیل کرنے کے لیے بنایا گیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پوری کوشش کی گئی ہے کہ مجھے عدت کیس کے ذریعے ذلیل کیا جائے۔ میں آج بھی قائم ہوں کہ نہ ہی ڈیل کی ہے اور نہ ہی کوئی ڈیل کروں گا۔ مر جاؤں گا مگر کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے توشہ خانہ کیس میں جو سزا دی آج تک کسی کو نہیں دی گئی جب کہ عدت کیس مجھے ذلیل کرنے کے لیے بنایا گیا اور اس میں پوری کوشش کی گئی ہے کہ  مجھے ذلیل کیا جائے۔مجھ پر 200 کیسز بنائے گئے آج تک کسی کے خلاف اتنے کیسز نہیں بنائے گئے، میں آج بھی کہتا ہوں نہ ڈیل کی اور نہ کروں گا میں مرجاؤں گا لیکن کبھی ڈیل نہیں کروں گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، جے آئی ٹی بنی  لیکن سب کیسز ختم کردیے گئے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے کا مضبوط کیس تھا ختم کردیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک پر 400 ڈورن حملے ہوئے ان میں سے کوئی بولا ہی نہیں، اب باہر سے غلام آگیا ہے وہ نوکری کرے گا ان کی۔