لکی مروت: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف اب قانون حرکت میں آیا ہے تو وہ خود کو مظلوم کہہ رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ جمعیت علمائے اسلام ایک تحریک کا نام ہے اور جماعت نے ہمیشہ غریبوں کی نمائندگی کی ہے۔ یہ بات انہوں نے پشاور کے ضلع لکی مروت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک پاکستان دشمن ممالک سے لاکھوں ڈالر وصول کیے ہیں اور اب ایمان دار بن رہا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت عوام کا روزگار ختم کرنے کے ایجنڈے پر کار بند رہی اور اعلان یہ کیا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، 50 لاکھ گھر بنانے کے بجائے 50 لاکھ گھر مسمار کر دیے۔
سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ عمران خان اب جیل میں پڑا ہے، ریاست مدینہ کے نعرے لگا کر اب ریاست کی بھی ان کو سمجھ نہیں آ رہی، ان سے کوئی پوچھے کہ ریاست مدینہ کسے کہتے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف کچھ نہ ہو باقی سب کے خلاف قانون حرکت میں آئے، اب ان کے خلاف قانون حرکت میں آیا ہے تو کہتے ہیں ہم مظلوم ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ باہر سے پیسہ آئے گا اور ہم خیبر پختونخوا کو بنائیں گے اور مولانا پیسے تم خود تقسیم کرنا۔