ملکی خوشحالی تک چین سے  نہیں بیٹھیں گے، نواز شریف

230
eradicate inflation

گوجرانوالہ:مسلم لیگ ن کے قائدمیاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے اپنے پاؤں پردوبارہ کھڑا ہونے اور خوشحال ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےنواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ جج جس نے مجھے سزا دلوائی اور بطور وزیر اعظم میری چھٹی کرائی وہ استعفا دے کر چلا گیا اور اگر میں رہتا اور میری چھٹی نہ کرائی جاتی تو ہر ایک کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور لوگ خوشحال ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ  میرے دور میں مہنگائی سب سے کم تھی۔آٹا، بجلی، چینی،پیٹرول کی قیمتیں کم تھیں۔ ملک میں لوڈشیڈنگ ہم نے ختم کی، غربت بھی کم ہورہی تھی، ہم نے آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا۔ یہاں تک کہ آئی ایم ایف نے کہا کہ اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو دوبارہ اسے آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہو گی لیکن یہ اس وقت اسلام آباد میں دھرنے دے رہے تھے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اب تو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل بھی کہہ رہا ہے کہ ہمارے دور میں کرپشن کم ہوئی۔ آئندہ چیف جسٹس بننے والا جج استعفا دے کر گھر چلا گیا۔ یہ وہ جج تھا جس نے مجھے سزا دلوائی، بطور وزیر اعظم میری چھٹی کرائی۔ اگر وہ دور رہتا اور ہماری حکومت میں خلل نہ پڑتا تو یہاں مجمعے میں ایک بھی شخص بے روزگار نہ ہوتا، ہر ایک کے پاس باعزت روزگار ہوتا، لوگ خوشحال ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک پاکستان اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا نہیں ہوجاتا۔ ان شا اللہ ہم پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے۔ بجلی سستی کریں گے اور موٹر وے بنائیں گے۔