امن و انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلیے عوام ترازو پر مہر لگائیں، سراج الحق

321
not lose our courage

نارووال: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امن و انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے عوام ترازو پر مہر لگائیں۔

نور کوٹ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمران امن تباہ کرنے اور بدترین مہنگائی کے ذمے دار ہیں۔  ملک میں روزانہ دھماکے ہوتے ہیں، 85ہزار پاکستانی شہید ہوگئے، قاتلوں کا آج تک پتا نہیں چل سکا۔

انہوں نے کہا کہ 80ہزار ارب قرض کی دلدل میں دھنسے جب کہ  پاکستان میں 10کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے، پونے 3 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ، اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔دوسری طرف حکمران اشرافیہ ساڑھے 500 ارب کی مفت بجلی استعمال کرتی ہے۔ 90ہزار سرکاری گاڑیوں میں 220ارب کا تیل جلتا ہے ۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل وسطی پنجاب نصراللہ گورائیہ، امیر ضلع و امیدوار پی پی 56طلعت رشید، پی پی 54مرزا محمد ایوب و دیگر قیادت بھی موجود تھی۔

قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کا نارووال پہنچنے پر پُرجوش استقبال ہوا۔ مقامی قائدین اور نوجوانوں کے ہمراہ ریلی کی شکل میں وہ نورکوٹ پہنچے تو جلسہ گاہ اسلامی نظام کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔

اپنے خطاب میں امیر جماعت کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا وزیراعظم 5 کمروں کے مکان میں، ہمارے صدور، گورنرز، وزارئے اعظم، بیوروکریسی ایکڑوں کے محلات میں براجمان ہیں، ان کی گاڑیاں عالی شان اوربڑی اور ہمیں قرضہ دینے والے ممالک کے حکمرانوں کی چھوٹی ہوتی ہیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور امن و انصاف کے قیام کے لیے عوام ترازو پر مہر لگائیں۔

امیر جماعت نے عوام سے وعدہ کیا کہ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر انہیں قرآن و سنت کا نظام دے گی۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک تباہ کیا، یہ پچیس پچیس برس تک حکومتیں کرنے کے باوجود باریاں مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی بہتات ہے، مسئلہ کرپشن اور نااہل حکمران ہیں۔ ملک میں سالانہ 5ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر احتساب کا ایسا کڑا نظام متعارف کروائے گی کہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار آئندہ نسلوں کو بتا کر جائیں گے کہ کرپشن نہیں کرنی۔

سراج الحق نے کہا کہ ڈھٹائی سے ملک کو نواز دو کا نعرہ لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے گزشتہ ادوار میں عوام کے لیے کیا خدمات انجام دیں۔ پاکستانیوں کو عزت سے جینے کا حق چاہیے۔ بے روزگاروں کو روزگار اور بچوں کو تعلیم کا حق چاہیے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ پر 15 برس مسلسل حکومت کی، آج اندرون سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے، ظالم وڈیروں نے سندھ کے اسکولوں کو اصطبلوں میں تبدیل کردیا ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ سندھ کے عوام سیلاب میں مرتے رہے اور پیپلز پارٹی کے نیرو چین کی بانسری بچاتے رہے۔ قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا، خدمت کے لیے جماعت اسلامی سب سے آگے تھے۔ ہم نے اہل فلسطین کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کی، انہیں ایک ارب 40 کروڑ کی امداد بھیجی۔ حکمران پارٹیوں نے امریکا کے خوف سے اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک احتجاج تک نہیں کیا، یہ کشمیر کا سودا کرنے والوں میں سے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکیوں کے حوالے اور پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہا کیا۔ یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار ہیں، یہ اب بھی اقتدار میں آئے تو اپنے بنک بیلنس اور کارخانوں میں اضافہ کریں گے، ملک میں انگریز کانظام جاری رکھیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ عوام ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سب سے پہلی ضرب سودی نظام معیشت پر لگائے گی۔ہم عدالتوں میں قرآن کا نظام متعارف کرائیں گے۔ ہم مسجد اقصیٰ اور کشمیریوں کی آزادی کا مقدمہ پوری جرات سے لڑیں گے۔ڈاکٹر عافیہ کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کامیابی خاندانوں کی بادشاہت کے بجائے اللہ کی بادشاہت کے قیام کے لیے ہوگی۔