برسلز:نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے اور مسئلہ کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔
برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں نے بھارت کے جبر و تسلط کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے، آج ہم کشمیر کاز کے شہدا اور بھارتی مظالم کا شکار ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پامال کرنے میں ناکام رہا ہے اور ان کی قربانیاں تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔