لندن: طبی ماہرین نے دماغ کے کینسر کی مختلف اقسا م کی تشخیص میں پیش رفت کرتے ہوئے خون کے نئے ٹیسٹ کیے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق تحقیق کار خون کے ایسے ٹیسٹ کی آزمائش میں مصروف ہیں، جس کے نتیجے میں دماغ کے کینسر کی اقسام کے حوالے سے تشخیص میں معاونت ملے گی اور یہ ٹیسٹ دماغ کی رسولیوں کی تشخیص کے لیے کی جانے والی سرجری کی ضرورت کو کم کردے گا۔
انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع ہونے والی تحقیق میں ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ ٹیسٹ دماغ کے کینسر کی سب سے مہلک قسم کی جلد تشخیص کرنے کے ساتھ علاج میں تیزی اور بقا کی شرح میں ممکنہ بہتری لانے میں مدد دے سکے گا۔ دماغ کی رسولیوں کے ماہرین نے ٹیسٹ کے متعلق اس خبر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ سستا ہے اور اسپتالوں میں باآسانی متعارف کرایا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق مائع بائیوپسی خاص طور پر ان مریضوں کے لیے مفید ثابت ہوگی جن کے دماغ میں ایسی رسولیاں ہوں گی جن تک رسائی نہیں ہوگی۔ یہ ٹیسٹ ان افراد کا علاج جلد شروع کرنے میں مدد دے سکے گا۔