نواز لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی پر شب خون مارا، حافظ نعیم

574
vaders, landlords

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی بظاہر ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی میں لگی ہوئی ہیں لیکن عملاً یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ   کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کیا۔ نواز لیگ کو بھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، ان تینوں جماعتوں نے مل کر کراچی کی آبادی پر شب خون مارا، کراچی کی حقیقی نمائندگی، وسائل اور ملازمتوں کے حق پر ڈاکا ڈالا،K-4منصوبہ مکمل نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ   صرف جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل کے لیے جدو جہد کی اور اہل کراچی کی ایک مضبوط اور توانا آواز بنی۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ   جماعت اسلامی کے”منشور کراچی“کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ ”کراچی ترقی کرے گا تو ملک آگے بڑھے گا“،  جماعت اسلامی اپنے منشور پر عمل درآمد کرے گی اور کراچی کی از سر نو تعمیر و ترقی کرے گی اور ملک کو بھی آگے لے کر جائے گی، تعمیر و ترقی کا واحد نشان ترازو ہے۔

انہوں نے کہا کہ  کراچی کے عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں اور ان تمام پارٹیوں کو مسترد کر دیں جنہوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیا اور اہل کراچی کے ارمانوں کا خون کیا،  جماعت اسلامی عوام کو ہر گز مایوس نہیں کرے گی وہ خود اور ان کے نمائندے کامیاب ہونے کے بعد بھی ان کے درمیان موجود ہوں گے۔