ساہیوال:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ معاشرے میں تقسیم پھیلی ہوئی ہے، ایک پاکستانی کو دوسرے سے لڑوایا جارہا ہے، ہم آپس میں تقسیم، لڑتے رہیں گے تو ملک مخالفین اسکو اپنے فائدہ کیلیے استعمال کرینگے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ اگر پرانی سیاست چاہیے تو شیر کو ووٹ دیں اور اگر آپ سمجھتے ہیں کہ نئی قیادت کی ضرورت ہے تو تیر پر ٹھپہ لگائیں، میں نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کرنے کیلیے الیکشن لڑ رہا ہوں،حکومت ملی تو خواتین کو بلا سود قرضہ دلوائیں گے تاکہ وہ معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ الیکشن نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنے کیلئے لڑ رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے نظریے کی آج جتنی ضرورت ہے، ماضی میں نہیں تھی، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اب وہ کام کرنا پڑے گا جو قائد عوام نے کیا تھا۔