آٹھ فروری کو کامیاب ہوکر انگریز کے بجائے اسلامی نظام نافذ کریں گے، سراج الحق

493

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی 90کی دہائی کا ڈرامہ پیش کررہی ہیں، حقیقت میں یہ دونوں ایک ہیں، ان میں سے کسی ایک کو ووٹ دینا دوسرے کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ   استعمار کی سہولت کار سالہاسال اقتدار میں رہنے والی خاندانوں کی پارٹیاں صبح مفادات کی خاطر جھگڑتی، شام کو ایک ہوجاتی ہیں، قوم خاندانوں کی سیاست سے بیزار ہوچکی، اداروں نے انہیں اس دفعہ بھی مسلط کیا تو عوام تسلیم نہیں کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  قوم کے 35برس ڈکٹیٹروں نے بقیہ عرصہ نام نہاد جمہوری پارٹیوں کی حکومتوں نے تباہ کردیا، وہی نظام جاری رکھا گیا جس کو بدلنے کے لیے اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، 8فروری کو کامیاب ہوکر انگریز کے نظام کی جگہ اسلامی نظام نافذ کریں گے۔

 انہوں نے مزید کہاکہ  حکمران پارٹیوں نے غزہ میں ظلم کے خلاف ایک احتجاج نہیں کیا، ہم نے فلسطینیوں کا مقدمہ پوری دنیا میں لڑا، ملک بھر میں ملین مارچزمنعقد کیے۔ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کیا، انھوں نے امریکی صدر سے ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کی بات تک نہیں کی، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر فلسطینیوں اور کشمیریوں کا مقدمہ پوری جرأت اور استقامت سے لڑے گی، ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔