پاکستان محل وقوع کے لحاظ سے اہم تجارتی سنگم پر موجود ملک ہے: وزیراعظم

247

ڈیووس:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان محل وقوع کے لحاظ سے اہم تجارتی سنگم پر موجود ملک ہے،پاکستان سیاحت کے لحاظ سے ایک بہترین ملک ہے،پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔

بدھ کے روز ڈیووس میں معروف پاکستانی شخصیات، عالمی دانشور، منصفین اور فلاحی تنظیموں کی پاتھ فائنڈر بریک فاسٹ تقریب کا انعقاد ہوا،تقریب میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میں معروف پاکستانی، عالمی دانشور، منصفین اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پاتھ فائنڈر بریک فاسٹ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ تقریب میں مدعو کرنے پر منتظمین کا شکرگزار ہوں،پاکستان ایک عظیم ملک ہے،قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل اور نعمتوں سے نواز ا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارا قیمتی اثاثہ ہے،پاکستان محل وقوع کے لحاظ سے اہم تجارتی سنگم پر موجود ملک ہے،پاکستان سیاحت کے لحاظ سے ایک بہترین ملک ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی 30سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے،پاکستان میں طرز حکمرانی بتدریج بہتر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس نظام میں اصلاحات لائی جارہی ہیں،موثر طرز حکمرانی کے ذریعے ہم نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں، پاکستان کی متنوع ثقافت دنیا کیلئے دلچسپی کا باعث ہے،پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔