اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے معاشی ماہرین کے ساتھ مشاورت میں ملک میں مہنگائی میں کمی کے معاملے پر تجاویز پر بات چیت کی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی صدارت میں معاشی ماہرین کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ملکی ترقی کی شرح، ٹیکس اصلاحات، توانائی بحران، مہنگائی خصوصاً بجلی گیس کی قیمتوں کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں شہباز شریف بھی موجود تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی جس میں قابل ذکر شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات شامل ہیں۔
اجلاس میں زراعت، صنعت، آئی ٹی کی ترقی کے مراعات پر مبنی پیکیج تیار اور سالانہ بنیادوں پر روزگار کی فراہمی، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے پالیسی نکات مرتب کرلیے گئے۔علاوہ ازیں اجلاس میں قومی ترقی کو تیز کرنے والے اقدامات سے مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق جب کہ معاشی منصوبہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں طے کیاگیا۔