کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر پارٹیاں اقتدار کے حصول کے لیے تو لائین میں لگی ہوئی ہیں لیکن اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کی دہشت گردی و جارحیت کے خلاف کچھ بولنے ، امریکا و اسرائیل کی مذمت اور حماس کی حمایت کرنے پر تیار نہیں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی انتخابی سرگرمیوں اور سیاسی جوڑ توڑ کے ماحول کے باوجود حماس کے قائد اسماعیل ہانیہ کی جانب سے اسرائیل کی حالیہ جارحیت و دہشت گردی کے 100دن ہونے پر پوری دنیا کے مسلمانوں سے احتجاج کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے بھر پور احتجاج اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں 14جنوری کو شاہراہ فیصل پر دوپہر 3بجے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ”ہوگا ، کراچی عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنی فیملیز کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں۔
انہوں نے کہاکہ شہر میں گیس کا بدترین بحران ہے ، گھریلوصارفین اور انڈسٹریز میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کا ہر شہری اور تاجر طبقہ پریشان حال ہے۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے اگر گیس کا بحران ختم نہ کیا گیا تو ہم 17جنوری کو سوئی سدرن گیس کے ہیڈ آفس پر دھرنا دیں گے ۔