کراچی میں نجی فیکٹری مالک سے 80 لاکھ روپے کی ڈکیتی

521

کراچی: نجی فیکٹری کے مالک سے ڈاکو 80 لاکھ روپے  لوٹ کر فرار ہو گئے۔

شہر قائد میں ڈکیتوں کا راج جاری ہے، جہاں بلاناغہ شہری لاکھوں روپے کی قیمتی گاڑیوں، نقدی، موبائل فونز اور زیورات سے محروم ہوتے ہیں تو وہیں مزاحمت پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں فائرنگ کا نشانہ بن کر اپنی جان کی بازی ہار دیتے ہیں۔

تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں ویٹا چورنگی کے قریب ڈاکو ایک تاجر سے 80 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی کا واقعہ جمعرات کی صبح کو پیش آیا تھا۔ فیکٹری کا مالک نجی بینک سے نکلوائی گئی 80 لاکھ روپے نقدی سیاہ رنگ کے شاپر میں رکھ کر اپنی ویگو گاڑی میں لے جا رہا تھا کہ ویٹا چورنگی کے قریب گاڑی جب ٹریفک جام میں پھنسی تو تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں نے اس سے رقم کا شاپر مانگ اور چھین لے کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے واردات میں ملوث ایک ڈکیت کو کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز اور نادرا ریکارڈ کی مدد سے سعید عالم کے نام سے شناخت کر لیا ہے اور پولیس کرائم ریکارڈ کے مطابق لوٹ مار میں ملوث ڈکیت کے خلاف 14 سے زائد مختلف جرائم کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں اور پولیس نے مذکورہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔

فوٹیجز سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ تاجر جب بینک آیا تو اس کے تعاقب میں دونوں ڈاکو وہاں  آئے، جس میں شناخت ہونے والا ڈکیت سعید عالم بینک کے اندر بھی ٹوکن لیتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔

تاجر جب رقم نکلوا کر واپس جانے لگا تو ڈاکوؤں نے  ان کا دوبارہ تعاقب کیا اور موقع پاتے ہی نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔