اسلام آباد:سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے انتخابی نشان بلے سے متعلق فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کو بلے کا نشان دیے جانے سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر کل جمعہ کے روز سماعت کی جائے گی۔ تین رکنی بینچ چیف جسٹس کی سربراہی میں اس درخواست پر سماعت کرے گا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کی درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا تھا اور درخواست واپس کردی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کے خلاف ہے۔
درخواست پر رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا کہ مختلف صفحات پڑھنے کے قابل نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر سماعت میں دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان واپس مل گیا۔