انسداد دہشتگردی عدالت سے عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

307

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، جس میں خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز نے دلائل سننے کے بعد 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے نتیجے میں مقدمات سے متعلق تھانوں کی تفتیشی ٹیمیں ایک ساتھ ہی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تفتیش کرسکیں گی۔ عدالت نے حکم دیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نہیں لے جایا جاسکے گا۔

عدالت نے 11 جنوری کو مکمل تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ کیس کی آئندہ سماعت 11جنوری کو صبح 10 بجے اڈیالہ جیل ہی میں ہوگی۔