شہباز شریف کے کراچی سے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر اعتراضات

227

کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف  کے کراچی سے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر اعتراضات  آ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے پر رجسٹرار اپیلٹ ٹریبونل نے اعتراضات عائد کردیے۔ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو پی پی امیدوار نے چیلنج کیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں شہباز شریف کے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل نے اپیل دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر نے میرے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔

اپیل میں مزید کہا گیا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے جلد بازی میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرکے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کو منظور کیا، ریٹرننگ آفیسر کا 29 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

جمعرات کے روز رجسٹرار اپیلٹ ٹریبونل نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات عائد کردیے۔ رجسٹرار کے اعتراضات کے مطابق اپیل کنندگان کی جانب سے پیش کردہ ریٹرننگ افسر کی دستاویزات مصدقہ نہیں ہیں۔