کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر او رپرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2024 اور آن لائن امتحانی فارم جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
چیئرمین بورڈ ڈاکٹر سید شرف علی شاہ کی ہدایت کے مطابق قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے کہا کہ ایسے طلباء وطالبات جو نہم جماعت 2023، گزشتہ سالوں میں ناکام، امپروومنٹ آف گریڈ، اضافی پرچے یا دیگر بورڈز کے امتحانات2024 میں شریک ہونا چاہتے ہیں وہ بھی امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ سائنس وجنرل گروپ ریگولر کے امتحانی فارم بورڈ ہذا کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع ہوں گے اور فارم کیساتھ پریکٹیکل سیکشن سے جاری کردہ سوالنامہ کی فوٹو کاپی منسلک کرنا ضروری ہے جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات بورڈ آفس بوتھ اور بورڈ سے ملحق بینکوں سے امتحانی فارم حاصل کرکے متعلقہ سیکشن سے تصدیق کرانے کے بعدفارم جمع کرا سکتے ہیں، بورڈ سے الحاق شدہ صرف نجی اسکول ہی امتحانی فارم آن لائن جمع کرا سکتے ہیں آن لائن امتحانی فارم کی نقد رقم فیس فاؤچرکے ساتھ صرف نیشنل بینک میں جمع ہوں گے جبکہ گورنمنٹ بلدیہ،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ محنت کے ماتحت آنے والے اسکول بورڈ کے اکاؤنٹ سیکشن سے امتحانی فارم بغیر کسی فیس کے حاصل کر کے جمع کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ امتحانی فارم نیشنل بینک،عسکری کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک اور بورڈ آفس بوتھ سے حاصل کر سکتے ہیں،یہ فارم بورڈ کے امتحانی اسٹور پر بھی دستیاب ہیں جو سیکریٹری بورڈ کے نام فارم کی قیمت (مبلغ 100روپے فی فارم) کے پے آرڈر کے ذریعے حاصل کئے جا سکتے ہیں
تفصیلات کے مطابق یہ فارم8جنوری سے 8فروری2024 تک بغیر لیٹ فیس کے ساتھ وصول کئے جائیں گے جبکہ 9فروری سے 16فروری تک200 روپے، 19فروری سے 26فروری تک500 روپے،27فروری سے 4مارچ تک800 روپے،5مارچ سے 11مارچ تک 1200 روپے،12مارچ سے 18مارچ تک 1500 روپے، 19مارچ سے 25مارچ تک 1800روپے اورآخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کئے جائیں گے۔ اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی جاتی ہے کہ فارم کو جمع کرانے کیلئے طلباء و طالبات کو انفرادی طور پر بورڈ آفس نہ بھیجا جائے۔