ایران: جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دھماکوں میں 103 افراد جاں بحق

547

تہران: ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دھماکوں میں 103 افراد جاں بحق ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی شہر کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب 2 دھماکے  ہوئے، جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 103 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ زخمیوں کی تعداد تقریباً 200 بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ آج ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی تھی کہ اس موقع پر مقبرے کے قریب ہی 2 دھماکے ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دھماکا خیز مواد سے بھرے 2 بیگز قبرستان کے داخلی راستے پر رکھے گئے تھے۔ دھماکوں کے وقت ہزاروں افراد وہاں موجود تھے، جن میں سے 103 افراد جاں بحق اور تقریباً 200 زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد ایرانی سیکورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہے۔گورنر کرمان کے معاون کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب ہونے والے دھماکے دہشت گردی ہے، جس کے بعد شہر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو 3 جنوری 2020 کو عراق میں امریکی ڈرون حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔