لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے لاہور کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔
ریٹرننگ افسر این اے 122 کے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے کے مطابق سابق چیئرمین تحریک انصاف کے سزا یافتہ ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔
فیصلے کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی پانچ سال کے لیے ہوئی ہے اور وہ بھی معطل یا کالعدم نہیں ہوئی۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو آئین کے آرٹیکل 63 ون کے تحت نااہل کیا گیا، ان کے شکایت کنندہ کے اعتراضات قانونی ہیں اور اس وجہ سے ان کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سابق لیگی ایم پی اے میاں نصیر احمد نے اعتراضات دائر کئے تھے۔