کراچی:نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن(نافع) کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں ڈائریکٹر نافع محمد پرویز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ماہ کاعرصہ گزر نے کے بعد نویں جماعت کے نتائج کا اعلان متعلقہ ذمہ داران کی نا اہلی اور بورڈ کی ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
محمد پرویز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی معیار کی بہتری کے ساتھ ساتھ کراچی بورڈ کے انتظامی معاملات درست کرنے اور مستقبل میں نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔
فیم ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے نگراں ٹرینر عظیم صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تعلیم سے کرپشن کے خاتمے، نقل مافیا کو لگام دینے، تعلیمی اداروں میں بے راہ روی کے ماحول کے خاتمے کے لیے ایک فعال تھنک ٹھینک کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔
اجلاس سے تنظیم اساتذہ سندھ کے ڈائریکٹر شاکر شکور، ماہر تعلیم ڈاکٹر معروف بن رؤف سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جب کہ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز سندھ کے چیئرمین حنیف جدون، گرین فلیگ اسکولز اینڈ کالج سسٹم کے ایڈمنسٹریٹر اے ڈی سومرو، ضلع قائدین نافع کے ڈائریکٹر عبد الرحیم شہزاد، ڈاکٹر نسیم صدیقی اور کئی دیگر اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔