میلبرن:آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان کو 79 رنز سے ہرا دیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے 187 کے اسکور سے اپنی اننگز شروع کی، جب اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، تاہم مچل اسٹارک اور ایلکس کیری مجموعی رنز میں صرف 22 کا اضافہ کر سکے، جس کے بعد 207 کے اسکور پر آسٹریلیا کا ساتواں کھلاڑی بھی گراؤنڈ سے باہر ہوگیا۔
آسٹریلین ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے 16 اور نتھین لائن نے صرف ایک رن بنایا اور آؤٹ ہو گئے۔ ایلکس کیری نے 53 رنز بنا کر ٹیم کو 317 رنز کی برتری دلوا دی اور دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف 84.1 اوورز میں 262 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو کامیابی کے لیے 317 کا ٹارگٹ ملا، قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 237 رنز بنا سکی اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ قومی کپتان شان مسعود نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ امام الحق اور عبداللہ شفیق بالترتیب 12 اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔بابراعظم 41 اور سعود شکیل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد رضوان اور سلمان آغا نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ رضوان 35 رنز بناکر پیٹ کمنز کے ہاتھوں میدان سے باہر ہوئے۔ سلمان آغا 50 رنز کی اننگز کھیل سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 ، مچل اسٹارک 4 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جاری 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو دو ۔صفر سے برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 3 تا 7 جنوری سڈنی میں ہوگا۔