فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی:پاکستانی سالِ نو کا جشن نہ منائیں، وزیراعظم

395
face the law

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سالِ نو کا جشن نہ منائیں۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کا نشانہ بننے والے نہتے و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر کسی قسم کا جشن منانے کے بجائے 2024ء کو سادگی کے ساتھ خوش آمدید کہیں۔

 

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل کی بمباری سے فلسطین، خصوصاً غزہ  میں ہونے والی تباہی اورفلسطینیوں کے تشویشناک حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے  فیصلہ کیا گیا ہے کہ نئے سال کے سلسلے میں ملک بھر میں کسی بھی قسم کی تقریب پر پابندی ہوگی

انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کی قابض فوج 7 اکتوبر سے فلسطینیوں پر مسلسل حملوں میں مصروف ہے اور اس جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 21 ہزار سے بھی زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جس پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ غمزدہ ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں ہونے والے فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف پاکستان بین الاقوامی فورمز پر اپنی آواز بلند کررہا ہے اور عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے 2 امدادی کھیپ جا چکی ہیں اور تیسری بھی جلد ہی بھیج دی جائے گی۔