بجلی مہنگی کرنے والے ہی مفت فراہم کرنے کی باتیں کررہے ہیں، سراج الحق

299
accountability day

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے وہ حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں،  کرپشن سے کمائی گئی دولت کی بنیاد پر جعلی اسٹیٹس کے حامل ٹولہ کے دن گنے جاچکے، باشعور عوام بیدار ہو گئے، 8فروری کوظلم و ناانصافی کے سومنات پاش پاش ہوجائیں گے ۔

 منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اب عوام کو حق حکمرانی دیا جائے، جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں مستحکم جمہوری نظام نہیں چاہتیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یکطرفہ تماشا یہ ہے کہ پارٹیوں کا وجود پہلے قائم ہوجاتا ہے، منشور اور نظریات بعد میں تخلیق ہوتے ہیں، جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس میں قیادت کا انتخاب شفاف طریقے سے ہوتا ہے، ہم نے الیکشن مہم کے آغاز سے قبل انقلابی منشور دیا جس کا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے ، اقتدار میں آکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ  عوام مہنگائی سے جان چھڑانے ، کرپشن سے نجات اور امن کے قیام کے لیے ترازو پر مہر لگائیں، الیکشن مہم میں دولت کی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ عوام کو صاف ، شفاف اور آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔

سراج الحق نے کہا کہ آج وہی لوگ بجلی مفت فراہمی کی بات کرتے ہیں جن کی حکومت میں عوام پر بجلی بم گرایا گیا،رواں برس صارفین پر بجلی گیس کی قیمتوں کی اضافہ کی مد میں 22سو ارب کا بوجھ ڈالا گیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے حکم پرماہانہ بل کی ادائیگی ناممکن بنادی گئی، انہی کی حکومتوں میں پن بجلی کے کارخانے لگانے اور مقامی کوئلہ سے فائدہ اٹھانے کی بجائے آئی پی پیز سے معاہدے کیے گئے، قومی خزانہ پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا اور عوام کو لوٹا گیا۔ سابقہ حکمرانوں کے دور میں مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آیا، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے آج عام آدمی کے لیے دووقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا،عام پاکستانی میں بچوں کوتعلیم اور علاج کی سکت نہیں رہی ۔