لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کاکہنا ہے کہ اہلیان پاکستان نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے دل کھول کر مدد کی ہے۔24 کروڑ پاکستانیوں کے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ پاکستان کی عوام نے بھرپور انداز سے فلسطین کے حق میںنہ صرف آواز بلند کی بلکہ ہر فورم پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی اور مالی طو رپر بھی تعاون کیا مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرسکے۔
سراج الحق سے صدر رائس ملز ایسوسی ایشن ضلع قصور ملک محسن نذیر کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ، جس میں قصورملک محسن نذیر نے فلسطینیوں کی امداد کے لیے 50 لاکھ کا چیک امیر جماعت اسلامی پاکستان کو پیش کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ تینوں حکمران سیاسی جماعتیں امریکا اور استعماری قوتوں کے خوف اور ناراضگی کے ڈر سے عالمی فورمز پر کوئی جاندار موقف اور احتجاج کرنے میں ناکام رہی ہیں، جماعت اسلامی ہمیشہ بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ذریعے عملی کام بھی کررہی ہے۔
سراج الحق کاکہنا تھا کہ الخدمت فائونڈیشن پاکستان بین الاقوامی این جی اوز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہیں اور آئندہ کے لیے پرعزم بھی، فلسطین سرخرو ہے اور اسرائیل ہزیمت کا شکار ہے اور جلد شکست سے دو چار ہو گا۔