شیخ رشید کا کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان

410

اسلام آباد  : سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق  ڈسڑکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قلم دوات پر الیکشن لڑوں گا، ہم صرف دو سیٹوں اور پنڈی کی سیاست کرتے ہیں، الیکشن کوئی بھی ہو مشکل تو ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، دو حلقوں میں الیکشن میں حصہ لیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انتخابی مہم کا آغاز کروں گا، الیکشن مہم لال حویلی سے شروع کروں گا۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ چودھری محمود نے شیخ رشید کے خلاف توڑ پھوڑ اور احتجاج سے متعلق مقدمہ کی سماعت کی۔

اس موقع پر شیخ رشید اپنے وکیل سردار شہباز ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، عدالت نے حاضری لگانے کے بعد شیخ رشید کو جانے کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہے۔