انتخابات: عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا، الیکشن شیڈول آج ہی جاری کرنے کا حکم

309

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے انتخابات سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے الیکشن شیڈول آج ہی جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس کی زیر سربراہی سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ امید ہے انتخابات مقررہ وقت 8 فروری ہی پر منعقد ہوں گے۔

درخواست کی سماعت کے بعد چیف جسٹس  نے حکم نامہ لکھوایا، جس کے مطابق 13 دسمبر کے حکم نامے کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، لاہور ہائی کورٹ نے سیکشن 50 کے سب سیکشن 1 بی اور 51 کی سب سیکشن 1 کو غیر آئینی قرار دیا، الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن ایکٹ کی یہ دونوں شقیں گزشتہ انتخابات میں بھی تھیں لیکن کبھی کسی نے چیلنج نہیں کیا گیا۔

حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ عدالتی حکم میں لکھا گیا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، سپریم کورٹ میں کیس کے ذریعے انتخابات 8 فروری کو طے ہوئے، تمام صوبائی حکومتوں کی سپریم کورٹ میں نمائندگی تھی، ہم نے اپنے فیصلے میں لکھا کوئی بھی جمہوریت کو ڈی ریل نہ کرے۔

سپریم کورٹ نے حکم میں کہا کہ وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ابھی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں اقدام لے رہے ہیں۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رہا تو 8 فروری کو الیکشن نہیں ہوسکیں گے، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا آج انتخابی شیڈول جاری ہونا تھا۔ اگر ہائی کورٹ کا حکم نامہ برقرار رہا تو الیکشن پروگرام جاری نہیں ہوسکے گا۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکمنامے میں تضاد ہے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں مزید لکھا کہ عمیر نیازی کو توہین عدالت قانون کے تحت شوکاز نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔ ان کے خلاف توہین عدالت کا کیس چلایا جائے گا۔ عمیر نیازی بتائیں ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ چلائی جائے۔