عوام 8 فروری کو خود جج بن کر اپنی سزاؤں کا خاتمہ کریں، نواز شریف

389
Efforts

لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام 8 فروری کو خود جج بن کر اپنا فیصلہ سنائیں اور اپنی سزاؤں کا خاتمہ کریں۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے حقیقی خوشی تب ہوگی جب عوام کو ملی ہوئی سزائیں ختم ہو جائیں، انہیں مہنگائی جیسے عذاب سے چھٹکارا ملے، بے روزگاری ختم ہو اور بیماروں کو ادویات ملیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے، تاہم میں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا اور اللہ نے بالآخر مجھے سرخرو کیا ہے۔ میرے خلاف جتنے بھی کیسز تھے، سب کے فیصلوں سے جھوٹ کا پردہ فاش ہوچکا ہے۔ عدالت نے مجھے الزامات سے بری کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی وجہ سے وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ نیب کو میرے خلاف 3 ریفرنسز دائر کرنے کا کہا گیا، سسلین مافیا اور گاڈفادر جیسی گالیاں سننے کو ملیں، مگر آخر کار اس پورے شرم ناک کھیل کے تمام چہروں سے نقاب ہٹ چکا ہے۔ مجھے قوم کی دعاؤں نے ہمیشہ حوصلہ دیا۔ وہاں سے بھی گواہیاں آ رہی ہیں جہاں سے گمان تک نہیں تھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے وزارت عظمیٰ سے ہٹا کر کسی لاڈلے کو لایا گیا، پاکستان کو ایسی سزا کیوں دی گئی؟۔ دشمنی نواز شریف کے ساتھی تھی، اسے بھی جیل میں ڈال دیا مگر سزا عوام کو کیوں دی گئی؟ ان کے چولہے بجھا دیے گئے، زندگی عذاب بنا دی گئی۔ آئی ایم ایف کے قرضوں سے آزاد پاکستان کو تباہ کیا گیا۔