عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

389

اسلام آباد :ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے 6اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر عبوری ضمانت میں توسیع کردی ۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشری بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی۔درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی جس کے دوران بشری بی بی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 ضمانت کی درخواستیں اے ٹی سی نے منظور کر لی ہیں۔جج نے پوچھا کہ اے ٹی سی نے کس بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کیں؟۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی جائے وقوعہ پر موجود بھی نہیں تھے، ان کی عدالت پروڈکشن کے لیے عدالت نے رپورٹ طلب کی ہے۔جج نے استفسار کیا کہ پروڈکشن رپورٹ کہاں ہے؟ پراسیکیوٹر کمرہ عدالت میں کیوں نہیں؟۔پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش نہیں کرنا چاہ رہی۔

جج نے پی ٹی آئی کے وکلا سے کہا کہ آپ نے روایت ڈالی ہے کہ جہاں آپ ہوں وہیں عدالت پیش ہو جاتی ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ عدالت میں پیش کرنے کی رپورٹ طلب کرتا ہوں، آئندہ تاریخ تک طے کرتے ہیں کہ سماعت کہاں ہو گی، بشریٰ بی بی کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کا کیا سٹیٹس ہے؟۔

وکیل نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس پر رپورٹ پینڈنگ ہے۔بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک جبکہ بشری بی بی کی ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کر دی۔