جہانگیر ترین کی شہباز شریف کی رہائشگاہ آمد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر گفتگو

312

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین  نے شہباز شریف کی رہائش گاہ آکر ان سے ملاقات کی، اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان انتخابات کے سلسلے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت ہوئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اہم ملاقات ایک روز قبل ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر  ہوئی،  جس میں پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان عام انتخابات کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے علاوہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں پارٹیوں کی قیادت کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، ایاز صادق اور آئی پی پی کے سینئر رہنما عون چودھری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کے موجودہ سیاسی حالات پر بات چیت کے ساتھ دونوں جماعتوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق کیا گیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مزید پیش رفت آئندہ ملاقاتوں میں تحریری طور پر طے کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پاکستان آنے کے بعد اہم ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ایک روز قبل ہی 15 برس کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی ہے، اس سے قبل وہ بلوچستان میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کر چکے ہیں۔ ملک میں عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن نے اپنی سیاسی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھی ہوئی ہیں۔