تہران: ایران نے بائیو کیپسول کو خلا میں روانہ کرنے کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق انسانوں کو خلا میں روانہ کرنے سے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ایران نے جانوروں پر مبنی ایک حیاتیاتی (بائیو) کیپسول کو خلا میں بھیجنے کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔
ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ میں حکام کے حوالے سے اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ بائیو کیپسول کو مقامی ساختہ راکٹ ‘سلمان’ کے ذریعے خلا میں 80 میل بھیجا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد اس کی لانچنگ، ریکوری اور اسپیڈ کنٹرول سسٹم ٹیکنالوجیز کے علاوہ کیپسول کی ڈھال، ایروڈئینامک ڈیزائن، کنٹرول سسٹم اور بائیولوجیکل مانیٹرنگ ٹیسٹ کرنا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کیپسول ملکی طاقت پر انحصار اور وزارت دفاع میں خلائی صنعت کے ماہرین کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ لانچ نے کئی بائیو کیپسول سسٹمز کے لیے اس پہلے ٹیسٹ کو مارک کردیا ہے اور لانچر کے پہلے ورژن نے بھی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔