جماعت اسلامی مسئلہ فلسطین کے حل کیلیے قائداعظم  کے نظریہ کی حامی ہے،  سراج الحق

635
Gaza march

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اسی نظریہ کی حامی ہے جو اہل فلسطین اور قائداعظم کا ہے، نگران وزیراعظم کی طرف سے طوفان الاقصیٰ کے ایک روز بعد کیے جانے والے ٹویٹ میں دوریاستی حل کی تجویز دی گئی تھی، نہیں معلوم یہ آئیڈیا کہاں سے آیا، نگرانوں کے پاس پاکستانی عوام کا مینڈیٹ ہے نہ ہی یہ فلسطینیوں کی نمائندہ ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ  ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک اسلامی ملک کی جانب سے 30ارب ڈالرکا خطیر فنڈ قائم کیا گیا، حکمرانوں سے سوال ہے کہ امت کو بچانا کس کی ذمہ داری ہے؟  غزہ میں ہزاروں شہادتیں ہوچکیں، اسرائیل نے شہر پر ہیروشیما اور ناگاساکی سے بھی زیادہ بارود گرایا، مسلمان حکمران امریکی خوف سے اہل فلسطین کی اخلاقی، سیاسی اور مالی مدد سے بھی کترا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ   حکمران درست سمت اقدام اٹھائیں تو علما اکرام ان کی حمایت کریں گے، عوامی دباؤ سے انہیں راہ راست پر لایا جاسکتا ہے، افغانوں نے امریکا کو شکست دی، وہ دن دورنہیں جب ارض مقدس بھی صیہونیت کا قبرستان بنے گی۔