اسلام آباد: فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا-
عدالت عالیہ نے فلیگ شپ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل خارج کرنے کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا-
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بینچ کے جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ انہیں اپیل واپس لینے کی ہدایات ہیں- نیب کی جانب سے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کی جاتی ہے-
فیصلے کے مطابق نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر اظہر مقبول کی جانب سے اپیل واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی چنانچہ عدالت نے نیب اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کردیا تھا جس کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔